منگلورو:28؍ جنوری(ایس اؤ نیوز )اُلال پولس تھانہ انسپکٹر سندیپ اور سب انسپکٹر پردیپ کے خلاف سماجی جہدکار کی طرف سےداخل کردہ شکایت پر کارروائی نہ کرنے اور حق اطلاع کے تحت مانگی گئی جانکاری نہ دئیےجانے پر لوک آیوکتہ نے منگلور و شہری پولس کمشنر این ششی کمار کو نوٹس جاری کرتےہوئے ہدایت دی ہے کہ وہ معاملہ کی جانچ کرکے رپورٹ پیش کریں۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق اُلال پولس تھانہ کے دو پولس افسران پر الزام ہے کہ وہ گانجہ مافیا، ریت مافیا اور ہوٹل مالکان سے ہفتہ وصولی کامطالبہ کرتے ہیں۔ تھانہ میں تعینات ہونےکے بعد دونوں نے کروڑوں روپیوں کی ملکیت کئے جانےکےمتعلق محمد کبیر نے شکایت دی تھی۔ پولس کمشنر نے شکایت پر کوئی کارروائی نہیں کی تو سماجی جہد کار نے لوک آیوکتہ میں شکایت درج کرائی تھی۔ لوک آیوکتہ نے شکایت پر کارروائی کرتےہوئے منگلورو شہری پولس کمشنر کوہدایت دی ہے کہ معاملہ کی جانچ کریں اور شکایت کنندہ کےالزامات کا 14فروری تک مناسب دستاویزات کے ساتھ رپورٹ پیش کریں۔ اس سلسلےمیں وضاحت کرتےہوئےپولس کمشنر این ششی کمار نےکہاکہ شہر کے جنوبی اے سی پی سےکہاگیا ہےکہ وہ معاملےکی جانچ کرکے رپورٹ دیں۔ ششی کمار کے مطابق جانچ جاری ہے۔